کراچی (کیو این این ورلڈ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آج جدید ترین انفراسٹرکچر کے شاہکار منصوبے ‘شاہراہِ بھٹو’ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ یہ منصوبہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن تھا جسے موجودہ صوبائی حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیا ہے، شاہراہِ بھٹو کراچی کے عوام کے لیے صوبائی حکومت کا ایک اہم ترین تحفہ ہے جو شہر کی تیز تر ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی سندھ کا معاشی مرکز ہے اور اس کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، یہ منصوبہ کراچی کی معاشی ترقی، جدید ٹرانسپورٹ اور شہری سہولتوں میں نمایاں بہتری لائے گا جس سے شہریوں کے سفر کا وقت کم ہوگا، ایندھن کی بچت ہوگی اور ٹریفک کے دیرینہ مسائل میں واضح کمی آئے گی۔ انہوں نے شاہراہِ بھٹو کو کراچی کی معاشی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سڑک بندرگاہ، صنعتی زونز اور اپ کنٹری ٹریفک کے لیے ایک انتہائی اہم کوریڈور ثابت ہوگی۔
سرکاری حکام کے مطابق 39 کلومیٹر طویل یہ جدید ترین سڑک 40 ارب روپے سے زائد کی بھاری لاگت سے تعمیر کی گئی ہے جسے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز رفتار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ اس منصوبے میں 6 جدید انٹرچینجز اور سمارٹ ٹولنگ سسٹم بھی شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قیوم آباد سے ایم-9 موٹروے تک براہِ راست رسائی ملنے سے شہریوں کے سفری وقت میں نمایاں کمی آئے گی، جبکہ عظیم پورا فلائی اوور کی تعمیر سے جناح ٹرمینل (ایئرپورٹ) جانے والی ٹریفک کو بھی بہترین اور تیز ترین سفری سہولت میسر آئے گی۔