پیرعادل ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگار باسط علی گاڈی) ڈیرہ غازی خان کا علاقہ پیر عادل اور گردونواح کے رہائشی پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث معدے، آنتوں اور جلد کی مختلف خطرناک بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں، جس کی بڑی اور اہم وجہ علاقے میں پینے کے صاف پانی کا نہ ہونا ہے۔ مقامی سماجی حلقوں اور شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دربار پیر عادل اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے فوری طور پر ایک نئے اور جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب وقت کی اشد ضرورت بن چکی ہے تاکہ غریب شہریوں کو موذی بیماریوں سے بچایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اہلیانِ علاقہ اور سروے رپورٹ کے مطابق نئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب کے لیے سب سے بہترین، محفوظ اور مرکزی پوائنٹ "جامع مسجد نوری” ہے جہاں نہ صرف پانی کی نکاسی کا نظام انتہائی بہتر ہے بلکہ یہ پلانٹ چوری اور تخریب کاری سے بھی مکمل طور پر محفوظ رہے گا، جبکہ اس مرکزی جگہ سے شہر بھر کے تمام لوگ اور زائرین باآسانی پینے کے صاف پانی کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ اہلیانِ پیر عادل نے تمام مکاتبِ فکر، معززین اور نوجوانوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس نیک کام اور عوامی مفاد کے منصوبے کے لیے ہر سطح پر بھرپور آواز بلند کریں تاکہ غفلت کا شکار حکامِ بالا اور ضلعی انتظامیہ تک عوام کی یہ جائز اور بنیادی فریاد پہنچ سکے اور فوری طور پر فنڈز جاری کر کے یہاں فلٹریشن پلانٹ لگایا جائے۔