میہڑ(کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظورعلی جوئیہ) میہڑ میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک سفاک باپ نے مبینہ طور پر اپنے ہی 15 سالہ بیٹے کو قتل کردیا جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بی سیکشن تھانے کی حدود گاؤں امید دیرو میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ملزم رزاق میمن نے اپنے 15 سالہ بیٹے محمد علی میمن پر تیز دھار آلے سے حملہ کردیا۔ حملے کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
اہلِ علاقہ نے زخمی بچے کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، تاہم وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔
لاش جب گاؤں پہنچی تو علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہوگئی۔ اہل علاقہ نے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا جبکہ بی سیکشن پولیس تاحال اسے گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں جبکہ قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔