اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) ثنا یوسف قتل کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ملزم عمر حیات کو سزائے موت سنا دی۔ عدالت نے ملزم پر 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو جرم کا مرتکب قرار دیا۔ دوران سماعت عدالت میں ملزم عمر حیات کی کالز اور چیٹ کے اسکرین شاٹس بھی پیش کیے گئے۔
سماعت کے دوران مدعی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کو دو مرتبہ سزائے موت دی جائے، جبکہ ملزم کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عمر حیات نے اسٹیٹ کونسل اور ٹرائل کورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا اور اس حوالے سے دو درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ التوا ہیں۔ وکیل کا کہنا تھا کہ پہلے سے ذہن بنا لینا کہ ملزم کو سزائے موت دینی ہے، ناانصافی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران ملزم عمر حیات نے صحتِ جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے ثنا یوسف کے قتل کا کوئی اعتراف یا انکشاف نہیں کیا۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اس کا ثنا یوسف سے کوئی رابطہ نہیں تھا۔
دوران سماعت عدالت نے ملزم سے استفسار کیا تھا کہ تفتیش کے دوران ثنا یوسف کے موبائل فون سے “کاکا” کے نام سے ایک نمبر سامنے آیا، جو موبائل فارنزک کے بعد ملزم کا نکلا۔ اس پر عمر حیات نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ اپنے وکیل کے بغیر اس سوال کا جواب نہیں دے سکتے۔