پشاور: معرکہ حق کی فتح پر پاکستان ریلوے کی تقریب، ضیاء سرحدی کو ایوارڈ

پشاور: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر پاکستان ریلویز کے زیر اہتمام ریلوے اسٹیشن پشاور کینٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی اتحاد، قربانیوں اور تاریخی کامیابی کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں پاکستان ریلوے کے سیکرٹری و چیئرمین سید مظہر علی شاہ، پاکستان ریلوے پشاور ڈویژن کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ عمران حیات، اعلیٰ حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

سرحد چیمبر کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پاکستان ریلوے کے چیئرمین اور سرحد چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ضیاء الحق سرحدی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے ملک کا ایک اہم قومی ادارہ ہے جو نہ صرف عوام کو سفری سہولیات فراہم کر رہا ہے بلکہ قومی یکجہتی، معاشی ترقی اور علاقائی روابط کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے نے ہمیشہ ملک کے دور دراز علاقوں کو آپس میں جوڑنے، تجارت کو فروغ دینے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

ضیاء الحق سرحدی نے معرکہ حق کی تاریخی کامیابی پر مسلح افواج، قومی قیادت اور عوام کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قومی اتحاد، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان مزید مضبوط اور مستحکم ہو سکے۔

تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان ریلوے قوم کی خدمت کا سفر اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گا۔

ضیاء الحق سرحدی، جو پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے سینئر نائب صدر بھی ہیں، نے پاکستان ریلوے کے سیکرٹری و چیئرمین سید مظہر علی شاہ اور دیگر افسران کی قیادت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی مؤثر انتظامی صلاحیت، وژن اور اصلاحاتی اقدامات کے باعث پاکستان ریلوے کی کارکردگی اور شفافیت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت کے تحت ادارے کی ساکھ مضبوط ہوئی ہے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان ریلوے کے سیکرٹری و چیئرمین سید مظہر علی شاہ نے بہترین کارکردگی پر سرحد چیمبر کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پاکستان ریلوے کے چیئرمین اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ضیاء الحق سرحدی کو شیلڈ بھی پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے