اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 10 مئی پاکستان کی تاریخ کا سنہری باب ہے، بھارتی جارحیت پر پاکستان کا جواب تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا جبکہ معرکۂ حق کا خلاصہ یہ ہے کہ ہر طرف پاکستانی شاہینوں کا غلبہ اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا۔
آپریشن “بنیان المرصوص” اور معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت، وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزراء، مختلف ممالک کے سفرا، سول و عسکری حکام اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ بجایا گیا جبکہ تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ اور سلامی پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی اور بھارت نے بلااشتعال حملے کرتے ہوئے سول آبادی اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، تاہم پاک فضائیہ اور پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور پاک فضائیہ نے دشمن کے 8 طیارے مار گرائے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کا ردعمل ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو حل طلب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا جبکہ فلسطینی عوام کی غیر مشروط حمایت بھی جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکۂ حق کی عظیم کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں اور مادرِ وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر بے بنیاد الزامات عائد کیے جبکہ پاکستان نے ہر قسم کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی، مگر دشمن نے بزدلانہ انداز میں جنگ مسلط کر دی جس کا پاک افواج نے تاریخی جواب دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب پاکستانی شاہین دشمن پر جھپٹے تو دشمن کو جان کے لالے پڑ گئے اور معرکۂ حق کا خلاصہ یہی ہے کہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن آخرکار جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا جبکہ ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ ہر سال 10 مئی کو “یومِ معرکۂ حق” بھرپور جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور تینوں مسلح افواج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق میں 24 کروڑ پاکستانی اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔
وزیراعظم نے ایران میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوان اور چینی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق، انصاف اور امن کیلئے آواز بلند کرتا رہے گا جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاکستانی افواج اور قوم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔