ٹھٹھہ(کیو این این ورلڈ/بلاول سموں) ڈسٹرکٹ جیل ٹھٹھہ میں پاک فوج سے یکجہتی اور “معرکۂ حق” کے حوالے سے جیل انتظامیہ کی جانب سے ایک پُرجوش اور حب الوطنی سے بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا، جو ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ عارف نواز اور اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ حق نواز سومرو کی نگرانی میں نکالی گئی۔
ریلی میں جیل پولیس کے افسران، اہلکاروں اور جیل انتظامیہ کے عملے نے بھرپور شرکت کی جبکہ پورا ماحول قومی جذبوں اور پاک فوج سے محبت کے اظہار سے گونج اٹھا۔ شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا کر “پاکستان آرمی زندہ باد”، “پاک فوج زندہ باد”، “سندھ پولیس پائندہ باد” اور “جیل پولیس پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
ریلی کے شرکاء نے پاک فوج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام سیکیورٹی ادارے ملک کی سلامتی، دفاع اور استحکام کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹ عارف نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک کی بقا، سلامتی اور قومی وقار کی ضامن ہے، جس کی لازوال قربانیاں پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کے اتحاد اور امن کو نقصان پہنچانے کی سازشیں کرتی ہیں، لیکن پاک فوج، سندھ پولیس اور جیل پولیس مل کر ہر سازش کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ حق نواز سومرو نے اپنے خطاب میں کہا کہ جیل پولیس بھی دیگر سیکیورٹی اداروں کی طرح قومی سلامتی اور قانون کی بالادستی کیلئے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے نبھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس اور جیل پولیس پاک فوج کے ساتھ ہر قدم پر کھڑی ہیں اور دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
ریلی کے دوران پاک فوج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ پاکستان کی سلامتی، امن، ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کی سلامتی اور قومی اتحاد کیلئے اپنا کردار جاری رکھیں گے اور پاک فوج کے ساتھ ہر حال میں کھڑے رہیں گے۔
