پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وفاقی حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر پٹرولیم بم گراتے ہوئے قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 14 روپے 92 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کا بھاری اضافہ کیا گیا ہے۔

اس حالیہ اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 414 روپے 78 پیسے اور ڈیزل کی نئی قیمت 414 روپے 58 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق گزشتہ رات 12 بجے سے ہو چکا ہے اور ملک بھر کے تمام پٹرول پمپس پر نئی قیمتوں کے مطابق فروخت شروع کر دی گئی ہے۔

حکومت کے اس فیصلے نے عوامی حلقوں میں تشویش اور غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، کیونکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے سے مال برداری کے اخراجات بڑھنے کے باعث اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی بجلی کے بلوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نے کمر توڑ دی ہے، اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس بڑے اضافے سے عام آدمی کا جینا محال ہو جائے گا۔

معاشی ماہرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا یہ تسلسل براہ راست پیداواری لاگت اور ٹرانسپورٹیشن پر اثر انداز ہوگا، جس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان جنم لے سکتا ہے۔ دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں فوری اضافے کے اشارے دے دیے ہیں، جس سے مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے