پیپلز پارٹی کے گلگت بلتستان انتخابی ٹکٹ جاری، سعدیہ دانش سمیت خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے نامزدگیاں بھی سامنے آگئیں

اسلام آباد / گلگت (کیو این این ورلڈ)پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرتے ہوئے 24 میں سے 21 حلقوں پر امیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، جبکہ خواتین اور ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشستوں کیلئے بھی ترجیحی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق حلقہ ایل اے-1 گلگت ون سے پارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین آزر، ایل اے-2 گلگت ٹو سے جمیل احمد، ایل اے-3 گلگت تھری سے آفتاب حیدر اور ایل اے-4 نگر ون سے محمد علی اختر کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

اسی طرح ایل اے-5 نگر ٹو سے ذوالفقار علی مراد اور ایل اے-6 ہنزہ سے کرنل ریٹائرڈ امتیاز الحق کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ سکردو کے حلقوں میں ایل اے-7 سکردو ون سے توقیر مہدی شاہ، ایل اے-8 سکردو ٹو سے سید محمد علی شاہ، ایل اے-9 سکردو تھری سے فدا محمد نشاد اور ایل اے-10 سکردو فور سے راجا ناصر علی خان کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔

پی پی پی نے ایل اے-11 کھرمنگ سے اقبال حسن اور ایل اے-12 شگر سے عمران ندیم کو امیدوار نامزد کیا ہے، جبکہ ایل اے-13 استور ون سے میجر ریٹائرڈ فہد حنیف خان کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ تاہم ایل اے-14 استور ٹو کیلئے تاحال امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔

ضلع دیامر کے حلقوں میں ایل اے-15 دیامر ون سے بشیر احمد خان، ایل اے-16 دیامر ٹو سے عطا اللہ شاہ اور ایل اے-17 دیامر تھری سے محمد نسیم کو پارٹی امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

غذر کے حلقوں میں ایل اے-19 غذر ون سے سید جلال علی شاہ، ایل اے-20 غذر ٹو سے نظیر احمد اور ایل اے-21 غذر تھری سے محمد ایوب شاہ کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ ایل اے-22 گھانچے ون سے ڈاکٹر عاشق حسین اور ایل اے-24 گھانچے تھری سے انجینئر محمد اسماعیل کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی نے خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے ترجیحی فہرست میں کلثوم جہانگیر، سعدیہ دانش، صبیحہ جبین مقدم، خدیجہ اکبر، فہمیدہ شاہین، پروین بانو، سعیدہ مغل اور ذریش فاطمہ کے نام شامل کیے ہیں۔

ٹیکنوکریٹس کی مخصوص نشستوں کیلئے ڈاکٹر شریف استوری، علی مدد شیر، نیاز علی اور مومن جان کو ترجیحی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے تاحال گلگت بلتستان اسمبلی کے تین حلقوں ایل اے-14 استور ٹو، ایل اے-18 اور ایل اے-23 کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق باقی نشستوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے