اسلامیہ کالج پشاور میں دوستانہ کرکٹ میچ؛ طلبہ اور پاک فوج کی والہانہ محبت

پشاور (کیو این این ورلڈ) معرکہ حق کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں جشن فتح کی پروقار اور رنگا رنگ تقریبات کا سلسلہ پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے، جہاں عوام اور طلبہ کی جانب سے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں اسلامیہ کالج پشاور کے تاریخی گراؤنڈ میں پاک فوج اور کالج الیون کے درمیان ایک دوستانہ کرکٹ میچ منعقد کیا گیا جسے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش سے دیکھا۔ پورا گراؤنڈ "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا اور کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر حاضرین نے انہیں خوب داد دی، جبکہ تقریب کے اختتام پر نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے۔

اس تقریب کا بنیادی مقصد معرکہ حق کی کامیابی کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ نئی نسل اور پاک فوج کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعلق کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ دوسری جانب پشاور کے مختلف تعلیمی اداروں میں بھی جشن فتح کی مناسبت سے متنوع تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں ننھے طلبہ نے پاک فوج کے جوانوں کے ہمراہ پرچم کشائی کی، ملی نغمے گائے اور خوبصورت ٹیبلوز کے ذریعے ملک و قوم سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔ پاک فوج کے افسران نے بچوں کے اس حب الوطنی کے جذبے کو بے حد سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ان تمام تقاریب کے دوران ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ طلبہ نے معرکہ حق کی کامیابی کو قومی تاریخ کا سنہرا باب قرار دیتے ہوئے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے لگائے۔ یہ تقریبات اس بات کا ثبوت ہیں کہ قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی دفاع و سلامتی کے لیے ہر سطح پر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے