ریتی پولیس کی کارروائی، بھابھی کے قتل میں نامزد ملزم دھر لیا گیا

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی پولیس نے اہم اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بلائنڈ مرڈر (اندھے قتل) کیس کو حل کر لیا ہے اور سیاہ کاری کے الزام میں اپنی بھابھی کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ترجمان گھوٹکی پولیس کے مطابق ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کے سخت احکامات پر تھانہ ریتی پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے اس سنگین مقدمے کو ٹریس کیا۔ چند روز قبل تھانہ ریتی کی حدود میں ایک خاتون کو قتل کر کے اس کی لاش خفیہ طور پر دفنا دی گئی تھی اور واقعے کو چھپانے کی کوشش کی گئی تھی۔

پولیس کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ علاقے میں ایک خاتون کو قتل کر کے معاملے کو دبایا گیا ہے، جس پر ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم میں ایس ایچ او تھانہ ریتی احسان علی مہر اور دیگر اہلکار شامل تھے، جنہوں نے جدید تفتیشی طریقوں اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیس کو ٹریس کیا۔

پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم نواب ولد سوالی کوش سکنہ گاؤں میر محمد کوش کو گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے یکم اور دو مئی کی درمیانی شب اپنی بھابھی مسمات شہناز زوجہ شوکت کوش کو مبینہ سیاہ کاری کے الزام پر قتل کیا اور بعد ازاں اپنے ساتھیوں سوالی کوش، دلدار کوش، جمعو کوش، عاشق کوش اور شاہرو کوش کی مدد سے لاش کو انور شاہ قبرستان میں دفنا دیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ ریتی میں سرکار کی مدعیت میں درج کر رکھا ہے، جس میں قتل، ثبوت مٹانے اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سیاہ کاری جیسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے