میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ) میہڑ کے نواحی گاؤں مومن شیخ میں زمین کے تنازع پر شیخ برادری کے دو گروپوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا پرتشدد تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں دونوں فریقوں کے کم از کم 11 افراد شدید زخمی ہو گئے، جبکہ 7 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معمولی نوعیت کے اراضی تنازع نے اچانک شدت اختیار کر لی اور دونوں گروپوں کے افراد آمنے سامنے آ گئے۔ تصادم کے دوران ڈنڈوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا، جس سے متعدد افراد لہولہان ہو گئے اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمی ہونے والوں میں سجن شیخ، الہودھایو شیخ، ناظم شیخ، عبدالمجید شیخ اور رشید شیخ شامل ہیں، جبکہ دوسرے گروپ سے محمد یونس شیخ، نوشاد شیخ، بگن شیخ، موج علی شیخ، دلبر علی شیخ اور ثناء اللہ شیخ زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد 7 شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے لاڑکانہ منتقل کر دیا۔
واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہونے کے پیش نظر نئے گاؤں پولیس نے گاؤں میں ایمرجنسی پکٹ قائم کر دی ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
آخری اطلاعات تک کسی بھی فریق کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج نہیں کروایا جا سکا، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نگرانی کی جا رہی ہے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔