پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسانی ہمدردی کے تحت کامیاب ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ‘ایم وی گوتم’ کے عملے میں شامل 6 بھارتی اور ایک انڈونیشیائی باشندے کو ہنگامی امداد فراہم کی۔
کراچی (کیو این این ورلڈ)پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں ایک کامیاب ریسکیو آپریشن کے دوران انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے 6 بھارتی اور ایک انڈونیشیائی باشندے کو ہنگامی طبی اور تکنیکی امداد فراہم کی ہے۔ یہ کارروائی عمان سے بھارت جانے والے مال بردار جہاز "ایم وی گوتم” میں اچانک پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کے بعد عمل میں لائی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، جہاز میں خرابی کے باعث میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر ممبئی نے پاکستانی حکام سے مدد کے لیے رابطہ کیا تھا۔ ہنگامی اطلاع موصول ہوتے ہی پاک بحریہ نے فوری ردعمل کا اظہار کیا اور پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز "کشمیر” کو امدادی کارروائی کے لیے جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیا۔
پاکستانی امدادی ٹیم نے متاثرہ جہاز پر پہنچ کر وہاں موجود بھارتی اور انڈونیشیائی عملے کو نہ صرف ضروری خوراک اور طبی سہولیات فراہم کیں بلکہ جہاز کی تکنیکی خرابی دور کرنے میں بھی بھرپور معاونت کی۔
سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ یہ آپریشن بین الاقوامی سمندری حدود میں پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار اور انسانی ہمدردی کے جذبے کا عکاس ہے۔