رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) ڈی پی ایس رینالہ خورد میں “معرکۂ حق بنیان المرصوص” کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے طلبہ و طالبات کے درمیان پوسٹر اور پینٹنگ کے مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکاء نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق مقابلوں میں طلبہ نے اپنے فن کے ذریعے افواجِ پاکستان سے محبت، قربانی اور وطن سے وفاداری کے جذبات کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ مختلف پینٹنگز اور پوسٹرز میں معرکۂ حق کی کامیابی اور افواجِ پاکستان کی بہادری کو نمایاں کیا گیا۔
اس موقع پر پرنسپل ڈی پی ایس رینالہ خورد میڈم طاہرہ منظور نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور افواجِ پاکستان نے معرکۂ حق میں ثابت کیا کہ پاکستانی قوم دشمن کے لیے بنیان المرصوص ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو دشمن کو تاریخی شکست دے کر پاکستان نے دنیا میں اپنا نام روشن کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان کی دلیری، جرات اور قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں اور پاکستان کا بچہ بچہ ملک کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار رہے گا۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے رنگوں کے ذریعے افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے وطنِ عزیز سے اپنی محبت اور وفاداری کے عزم کا اعادہ کیا۔

