ننکانہ صاحب (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی خطرات اور مون سون کی بارشوں کے پیشِ نظر پیشگی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس سلسلے میں ریسکیو 1122 کے ہیڈ کوارٹر میں شہری اور دریائی سیلاب سے نمٹنے کے لیے ایک جامع "ڈرائی موک ایکسرسائز” کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ضلعی اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے فرضی مشقوں کا معائنہ کیا اور امدادی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والے آلات، کشتیوں اور دیگر مشینری کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور دریائی علاقوں میں صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بروقت اقدامات اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے کسی بھی ناگہانی صورتحال میں جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکتا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے دریائی اور اربن فلڈنگ (شہری سیلاب) کے لیے الگ الگ ایکشن پلان تشکیل دے دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں کسی بھی ہنگامی کال پر فوری ردعمل دینے کے لیے ہائی الرٹ ہیں اور متاثرین کی فوری منتقلی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
دوسری جانب، محکمہ لائیو اسٹاک کی جانب سے ضلع بھر میں مویشیوں کو وبائی بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ویکسینیشن کی مہم بھی تیزی سے جاری ہے۔ لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کی فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں جو مختلف فارمز پر جا کر جانوروں کو مفت طبی سہولیات اور ویکسین فراہم کر رہی ہیں تاکہ سیلابی صورتحال میں زمینداروں کے قیمتی اثاثوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔