رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) اختر آباد پولیس چوکی سات ون اے ایل کی حدود چک نمبر دو ون اے ایل میں نامعلوم چوروں نے تین گھروں کا صفایا کرتے ہوئے لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون چوری کر لیے، جبکہ ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر رینالہ خورد کی حدود کھوکھر پل کے علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے سے چوروں کا ایک گروہ سرگرم ہے، جو مختلف اوقات میں دیہات میں داخل ہو کر وارداتیں کر رہا ہے۔ متاثرین کے مطابق محمد فیضان کے گھر سے ستر ہزار روپے نقدی اور ڈیڑھ تولہ سونا، عبدالغفار کے گھر سے پچاس ہزار روپے نقدی اور آدھا تولہ سونا جبکہ محمد لطیف کے گھر سے موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چوری کیا گیا۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری کیا جا چکا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی جس کے باعث شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں کا فوری نوٹس لیا جائے، گشت میں اضافہ کیا جائے اور ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔