گڈز ٹرانسپورٹرز کا ڈیزل کی قیمت میں کمی کے باوجود کرائے کم کرنے سے انکار

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی سے انکار کر دیا اور موجودہ نرخ برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ وزیراعظم کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں کرایوں میں کمی ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے کرائے بدستور برقرار رہیں گے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ جنگی صورتحال کے باعث ملک میں درآمد و برآمد کا کاروبار شدید متاثر ہوا ہے اور کام نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے، جس کے باعث ہزاروں گاڑیاں کھڑی کرنا پڑی ہیں۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو کوئی خاطر خواہ ریلیف نہیں دیا گیا، جبکہ وہ ملکی مفاد میں نقصان کے باوجود اپنی گاڑیاں چلا رہے ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں پہلے فی لیٹر دو سو تریسٹھ روپے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد گزشتہ ہفتے ایک سو پینتیس روپے اور آج بتیس روپے بارہ پیسے کمی کی گئی، تاہم کرایوں میں کمی اس وقت کی جائے گی جب ڈیزل کی قیمتوں میں مزید استحکام اور کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے ود ہولڈنگ ٹیکس، ٹول ٹیکس اور ٹریفک و موٹروے پولیس کے مبینہ ناجائز چالانوں میں ریلیف کا مطالبہ کیا تھا، مگر اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنے ٹیکس ادا کیے جاتے ہیں، اسی تناسب سے سہولیات بھی فراہم کی جانی چاہئیں۔

انہوں نے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول اور ود ہولڈنگ ٹیکس میں کمی، اور ٹریفک و موٹروے پولیس کے چالانوں میں نرمی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز کو ریلیف مل سکے اور اس کے اثرات عوام تک بھی منتقل ہو سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے