ایران حکومت نے 6 شہروں کے ائیرپورٹس کھول دیے

تہران (کیو این این ورلڈ) ایران حکومت نے پچاس روز بعد ملک کی فضائی حدود کو جزوی طور پر بحال کرتے ہوئے چھ اہم ہوائی اڈوں کو دوبارہ کھول دیا ہے، جس سے فضائی آپریشنز کی مرحلہ وار بحالی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران کے امام خمینی ہوائی اڈے سمیت مشہد، برجند، گورگن اور زاہدان کے ہوائی اڈوں پر پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا گیا ہے، جبکہ دیگر ہوائی اڈوں کو بھی بتدریج فعال کیا جا رہا ہے۔

ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ مشرقی ایران کے فضائی راستے صبح سات بجے سے دوبارہ کھول دیے گئے ہیں اور بین الاقوامی پروازوں کو مشرقی علاقوں سے گزرنے کی اجازت دے دی گئی ہے، جس سے عالمی فضائی ٹریفک میں بہتری کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق ملک بھر میں پروازوں کی مکمل بحالی مرحلہ وار ہوگی اور اس حوالے سے کوئی حتمی وقت نہیں دیا گیا، تاہم سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندیوں میں نرمی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ دوپہر تک بعض مقامات پر پروازوں کی آمد و رفت مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی تھی۔

واضح رہے کہ اٹھائیس فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایران کی فضائی حدود کو بند کر دیا گیا تھا، جس کے بعد اب حالات میں بہتری آنے پر جزوی بحالی عمل میں لائی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے