میہڑ: پانچ سالہ بچی پراسرار طور پر لاپتہ، تین روز گزرنے کے باوجود سراغ نہ مل سکا

میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظورعلی جوئیہ) میہڑ شہر کے علاقے سیندھل مہیسر محلے سے پانچ سالہ بچی اجالا پروین سولنگی پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئی، جس کے تین روز گزرنے کے باوجود تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا، اہل خانہ شدید اذیت اور پریشانی میں مبتلا ہیں۔

بچی کے والد شمس الدین سولنگی کے مطابق اجالا پروین چودہ اپریل دو ہزار چھبیس کو معمول کے مطابق اسکول گئی تھی، جہاں وقفے کے دوران وہ قریبی دکان سے کوئی چیز لینے گئی، مگر اس کے بعد نہ تو واپس اسکول پہنچی اور نہ ہی گھر لوٹی۔ واقعے کے بعد اہل خانہ نے فوری طور پر بچی کی تلاش شروع کی اور قریبی علاقوں، رشتہ داروں اور جاننے والوں سے بھی رابطہ کیا، تاہم کہیں سے بھی کوئی معلومات حاصل نہ ہو سکیں۔

متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں، جس کی وجہ سے واقعہ مزید پراسرار ہو گیا ہے۔ دوسری جانب واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی دادو نے متعلقہ پولیس حکام کو ہدایات جاری کی ہیں، جس کے بعد ایس ایچ او اے سیکشن اور ون فائیو انچارج اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور تلاش کا عمل جاری ہے۔

اہل خانہ نے حکومت سندھ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ بچی کی فوری بازیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ شہری حلقوں نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معصوم بچی کو جلد از جلد بازیاب کرایا جائے اور واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے