خیبر (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) لنڈیکوتل میں قائم افغان ہولڈنگ کیمپ میں افغان مہاجرین سے رقم لے کر جعلی ٹوکن دینے والے گروہ کے خلاف پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او لنڈیکوتل عشرت شینواری نے افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے قائم ہولڈنگ کیمپ میں چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سادہ لوح مہاجرین کو جعلی ٹوکن دینے کا جھانسہ دے کر رقم بٹورنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں نعمت، سودیس ولد زورہ میر شینواری اور نہال ولد اختر خان شینواری شامل ہیں، جن کا تعلق خوگہ خیل سے بتایا جاتا ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔
ایس ایچ او لنڈیکوتل نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی جو مجبور اور بے سہارا مہاجرین کو دھوکہ دے کر لوٹنے میں ملوث ہیں۔
پولیس نے عوام الناس، خصوصاً افغان مہاجرین سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے جھانسے میں نہ آئیں، اپنی باری کا انتظار کریں اور کسی کو بھی رقم یا رشوت نہ دیں۔ حکام نے واضح کیا کہ اگر کوئی شخص رقم کا مطالبہ کرے تو فوری طور پر قریبی پولیس کو اطلاع دی جائے تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔