اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) عوامی ریلیف کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے شہر اور گردونواح میں قائم مختلف پٹرول پمپس پر پیمانوں کی چیکنگ کی۔ یہ کارروائیاں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز، پرائسز ویٹ اینڈ میئرز خالد جاوید بھٹی کی زیر نگرانی کی گئیں۔
معائنے کے دوران پٹرول اور ڈیزل کی مقدار کی درست پیمائش، میٹرز کی درستگی اور سرکاری مقررہ معیار کے مطابق ناپ تول کو یقینی بنایا گیا۔ ٹیموں نے مختلف پٹرول پمپس پر آلات کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے معیار پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر خالد جاوید بھٹی نے ہدایت کی کہ تمام پٹرول پمپ مالکان ناپ تول کے مقررہ اصولوں پر سختی سے عمل کریں اور کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی یا کمی بیشی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے ساتھ ناانصافی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویٹ اینڈ میئرز ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں باقاعدگی سے فیلڈ میں موجود رہیں گی اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو مکمل ریلیف فراہم کیا جا سکے۔