وزیراعظم کا عزم، ایران امریکا امن مذاکرات میں پاکستان کا کردار جاری رہے گا

اسلام آباد/جدہ(کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کیلئے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے بتایا کہ جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ان کی تفصیلی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ملاقات کے دوران سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور مشکل حالات میں سعودی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی، صبر اور تحمل کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کے کردار اور اسلام آباد میں ہونے والے امن مذاکرات سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان پائیدار امن معاہدے کے حصول کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا تاکہ خطے میں دیرپا استحکام ممکن بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کی جانب سے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جدہ میں ہونے والی یہ ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی، جس میں دونوں رہنماؤں نے ابھرتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے لیے مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے امن عمل میں کردار کو سراہا اور خطے میں استحکام کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور دیرینہ پاک سعودی شراکت داری کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے سعودی عرب کی مسلسل حمایت کو سراہا۔

سعودی خبر رساں ادارے کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، دوطرفہ تعاون اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے باہمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کے دورے کے بعد وزیراعظم قطر اور ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے