پاکستانی وفد تہران پہنچ گیا، ایران امریکا مذاکرات میں پیشرفت کی کوششیں

تہران(کیو این این ورلڈ) ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی بحالی کے سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں تہران پہنچ گیا ہے، جہاں اہم سفارتی رابطوں کا آغاز متوقع ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ایرانی دارالحکومت پہنچے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔

تہران آمد پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ پاکستانی وفد کا استقبال کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اہم سفارتی مشاورت کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی وفد ایران میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ الجزیرہ کے مطابق ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔

اس سے قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان کے ذریعے امریکا اور ایران کے درمیان پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، اور اسی تناظر میں ایرانی حکام آج پاکستانی وفد کی میزبانی کر رہے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ چند روز میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں متوقع ہے، جس سے خطے میں سفارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے