اسلام آباد میں ایران امریکا مذاکرات کے دوسرے دور کا امکان، تیاریاں شروع

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی عمل کے تسلسل میں مذاکرات کے دوسرے دور کے اسلام آباد میں انعقاد کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں نے انتظامی اور سکیورٹی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کو ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ دارالحکومت میں کسی بھی اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمی کے دوران مکمل سکیورٹی اور انتظامی کنٹرول یقینی بنایا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ وفد میں مشرق وسطیٰ کے امور کے نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور سابق صدارتی مشیر جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔ ایران کی جانب سے اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی وفد کی نمائندگی کریں گے۔

تاہم ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کے لیے تاحال کوئی حتمی تاریخ طے نہیں کی گئی، اور تمام امور مشاورت کے ذریعے آگے بڑھائے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان پہلا مرحلہ 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا، جس میں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان تقریباً 21 گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے، تاہم کوئی حتمی معاہدہ طے نہ پا سکا۔

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے مطابق مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور امریکا نے اپنی تجاویز ایران کے سامنے رکھ دی ہیں، جبکہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے منصفانہ معاہدے کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔

دوسری جانب روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ خطے میں نئی جنگ کسی صورت قابل قبول نہیں اور اس بحران کا حل صرف سفارت کاری ہے، جبکہ روس اس عمل میں معاونت کے لیے تیار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے