میرپورخاص (کیو این این ورلڈ/سید شاہزیب شاہ کی رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی صابر قائم خانی نے کہا ہے کہ ہراسانی کا شکار میڈیکل کالج کی ہونہار طالبہ فہمیدہ لغاری کی خودکشی درحقیقت انسانیت کا قتل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے وفد کے ہمراہ متوفیہ کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
حق پرست رکن سندھ اسمبلی صابر قائم خانی کی قیادت میں وفد نے، جس میں میرپورخاص ڈسٹرکٹ کے انچارج خالد تبسم، جوائنٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن اور دیگر ذمہ داران شامل تھے، فہمیدہ لغاری کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سرفراز لغاری اور وسیم لغاری سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ صابر قائم خانی کا کہنا تھا کہ فہمیدہ لغاری سندھ اور پاکستان کی بیٹی تھی، جنسی ہراسانی میں ملوث اور خودکشی پر مجبور کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبے کے تعلیمی اداروں میں اس طرح کے شرمناک واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے واضح احکامات کے باوجود سرکاری و نجی میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں میں ہراسانی روکنے کے لیے سیل قائم نہیں کیے گئے۔ حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کی وجہ سے آج ایک اور ہونہار طالبہ کو اپنی جان سے ہاتھ دھونے پڑے۔
صابر قائم خانی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اس مظلوم خاندان کو انصاف دلانے کے لیے سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلی میں بھرپور آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ پر ذہنی دباؤ اور ہراسانی کے واقعات کے سدباب کے لیے حکومت اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل خصوصی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات کا راستہ روکا جا سکے۔