ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) او پی ایف آئی ہسپتال ڈیرہ غازی خان میں طبی سہولیات کے بلند و بانگ دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں، جہاں ڈاکٹرز مبینہ طور پر حاضری لگانے کے بعد ہسپتال سے غائب ہو جاتے ہیں، جس کے باعث مریض گھنٹوں انتظار کے باوجود علاج کروائے بغیر واپس جانے پر مجبور ہیں۔
ہسپتال کے باہر آویزاں پینا فلیکس پر "ایمرجنسی، او پی ڈی، لیبارٹری سہولیات اور سپیشلسٹ ڈاکٹرز” کی دستیابی کے دعوے واضح طور پر درج ہیں، تاہم زمینی حقائق اس کے برعکس نظر آتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں سہولیات کے دعوے صرف کاغذی حد تک محدود ہیں۔
متاثرہ شہری محمد حنیف نے بتایا کہ وہ علاج کے لیے ہسپتال کے تین چکر لگا چکے ہیں، لیکن ہر بار یہی کہا گیا کہ ڈاکٹر ابھی گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اوقات کار کے بارے میں پوچھا تو بتایا گیا کہ ڈاکٹر دوپہر 2 بجے تک موجود ہوتے ہیں، مگر افسوس کہ وہ دن 12 بجے ہسپتال پہنچے تو ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔
محمد حنیف کے مطابق، "یہ میرا تیسرا چکر ہے، مگر ڈاکٹر کہیں نظر نہیں آ رہا، جبکہ ڈیوٹی ختم ہونے میں ابھی دو گھنٹے باقی ہیں، آخر ڈاکٹر کہاں چلا جاتا ہے؟”
شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ہسپتال میں ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ عوام کو بنیادی طبی سہولیات میسر آ سکیں۔