اوکاڑہ: ترقیاتی منصوبوں پر اہم اجلاس، نئی غلہ و سبزی منڈی اور سڑکوں کی تعمیر کا حکم

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیرِ صدارت ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ حماد یوسف نے غلہ منڈی، چرچ روڈ اور اکبر روڈ کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ساہیوال نے عوامی سہولت کے ان تمام منصوبوں پر فوری پیشرفت کے احکامات جاری کیے۔

ڈاکٹر آصف طفیل نے 54 ایکڑ کے وسیع رقبے پر نئی غلہ منڈی کی تعمیر کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تجویز دی کہ نئی غلہ منڈی کے ساتھ ہی سبزی و فروٹ منڈی بھی تعمیر کی جائے تاکہ شہریوں کو ایک ہی جگہ تمام سہولیات میسر آ سکیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے متعلقہ حکام کو جامع ورکنگ پلان اور فیزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کا حکم دیا اور غلہ منڈی میں دکانوں کی الاٹمنٹ کے لیے کاروباری افراد کے لائسنسوں کے ازسرِ نو جائزے کی بھی ہدایت کی۔

کمشنر ساہیوال نے تاکید کی کہ دکانوں کی الاٹمنٹ مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر حقداروں میں یقینی بنائی جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے شہر میں آمد و رفت کی سہولت کے لیے چرچ روڈ اور اکبر روڈ کی جلد از جلد تعمیر و مرمت کے لیے لائحہ عمل بنانے کا حکم دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اہم سڑکوں کی بحالی سے ٹریفک کے مسائل حل ہوں گے اور عوام کو نقل و حمل میں بڑی آسانی میسر آئے گی۔ ان منصوبوں پر ترقیاتی کاموں کے فریم ورک کو جلد مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے