ڈیرہ غازی خان ( کیو این این ورلڈ/ نیوز رپورٹر شاہد خان) کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن و چیئرمین تعلیمی بورڈ اشفاق احمد چوہدری نے ضلع میں جاری میٹرک کے سالانہ امتحانات کے سلسلے میں مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا اور امتحانی عمل کی کڑی نگرانی سمیت طالبات کو فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن ماڈل ٹاؤن میں قائم گرلز امتحانی سینٹر کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات اور نظم و ضبط کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر کمشنر نے امتحانی ہالز میں جا کر طالبات سے براہِ راست گفتگو کی اور ان سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ کمپریہینسو سکول میں قائم بوائز امتحانی مرکز کا دورہ کیا، جہاں پرنسپل محمد حفیظ مستوئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے نقل کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کا بغور جائزہ لیا اور امتحانی عملے کو دوٹوک ہدایات جاری کیں کہ شفاف اور منصفانہ ماحول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ امتحانات کے دوران نظم و ضبط اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انہوں نے متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ طلبہ کو پینے کے صاف پانی اور بیٹھنے کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جائے اور کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک صاف و شفاف امتحانی نظام ہی ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، لہٰذا تمام نگران عملہ اور متعلقہ ادارے اپنی قومی ذمہ داریاں پوری دیانتداری سے ادا کریں۔ کمشنر نے امتحانی مراکز کے گردونواح میں سکیورٹی کے انتظامات کو بھی تسلی بخش قرار دیا اور ہدایت کی کہ غیر متعلقہ افراد کی مداخلت کو مکمل طور پر روکا جائے۔