اوکاڑہ: نیشنل ایکشن پلان اجلاس، ٹریفک، تجاوزات اور گداگری کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)اوکاڑہ میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، ضلعی انتظامیہ، صوبائی و وفاقی محکموں کے افسران، آرمی نمائندگان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں مفادِ عامہ سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس دوران ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، تجاوزات کے خاتمے، اسمگلنگ اور غیر قانونی سگریٹس کی فروخت کے خلاف جاری آپریشنز، ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سولر سسٹم کو فعال بنانے، مدارس کی رجسٹریشن، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل، تعلیمی اداروں میں مثبت رویوں کے فروغ اور گداگری کے خلاف کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشنز کو مزید مؤثر بنانے اور عوامی مقامات کی بحالی کے احکامات بھی جاری کیے۔

اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے، تعلیمی اداروں میں اخلاقی و سماجی رویوں کے فروغ کے لیے آگاہی مہم جاری رکھنے، ریلوے اراضی پر تجاوزات کے خاتمے اور قابضین سے ناجائز وصولیوں کی روک تھام پر بھی زور دیا گیا۔

مزید برآں گداگری کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ باہمی رابطہ پالیسی کو فروغ دیتے ہوئے عوامی فلاح، نظم و ضبط اور سماجی بہتری کے لیے اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا اور تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے