رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)رینالہ خورد میں احاطہ کلرک پر احاطہ الاٹمنٹ کروانے کے نام پر دیہاتی شہری سے لاکھوں روپے رشوت وصول کرنے کا الزام سامنے آیا ہے، جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے احاطوں کی الاٹمنٹ پر پابندی عائد ہے۔ متاثرہ شہری نے ملزم کے خلاف کارروائی کے لیے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کو درخواست دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد اشرف، جو بیک وقت احاطہ کلرک، کالونی کلرک اور واصل باقی کے عہدوں پر فرائض انجام دے رہا ہے، پر سائلین سے مبینہ طور پر رشوت لینے اور لوٹ مار کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان دفاتر میں رشوت اور کرپشن کا بازار گرم ہے۔
درخواست گزار عبدالجبار، رہائشی چک نمبر 9 ون ایل، نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ محمد اشرف نے اسے احاطہ الاٹ کروانے کا جھانسہ دے کر پہلے 2 لاکھ روپے وصول کیے اور بعد ازاں مختلف اوقات میں مزید 20 ہزار اور 17 ہزار روپے بھی وصول کیے۔ تاہم رقم لینے کے باوجود نہ تو احاطہ الاٹ کیا گیا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی، بلکہ اسے کئی ماہ سے ٹال مٹول کا شکار بنایا جا رہا ہے۔
متاثرہ شہری نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کو دی گئی درخواست میں رقم کی واپسی اور محمد اشرف کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔