ڈی جی خان ( کیو این این ورلڈ) ڈیرہ غازی خان شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں موبائل فون کمپنیوں کی ناقص کارکردگی نے صارفین کا جینا محال کر دیا ہے۔ ایک طرف ملک میں 5 جی کے خواب دکھائے جا رہے ہیں تو دوسری جانب کمپنیاں 3 جی سروس فراہم کرنے میں بھی ناکام نظر آتی ہیں۔ 4 جی کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم بٹوری جا رہی ہیں لیکن انٹرنیٹ کی صورتحال انتہائی ابتر ہے، جس پر پی ٹی اے خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
ڈیرہ غازی خان شہر، یارو، شاہ صدردین، شادن لنڈ، لاڈن،دری میرو، پیر عادل، کالا، کوٹ چھٹہ، سخی سرور، دراہمہ،سروروالی اور چوٹی زیریں میں یو فون، زونگ اور دیگر نیٹ ورکس کی سروس شدید سست روی کا شکار ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ مہنگے انٹرنیٹ پیکجز خریدنے کے باوجود مطلوبہ رفتار نہیں ملتی، جس سے ان کے ہزاروں روپے ضائع ہو رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث سوشل میڈیا، آن لائن کلاسز اور کاروباری امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ کئی علاقوں میں سروس اس قدر ناقص ہے کہ ایک سادہ ویب پیج لوڈ ہونے میں بھی منٹوں لگ جاتے ہیں، جبکہ فائلز ڈاؤن لوڈ کرنا نامکن ہو چکا ہے۔ شہریوں نے موبائل کمپنیوں کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سروس کو فوری بہتر بنایا جائے، بصورت دیگر وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ بنیادی ضرورت ہے اور کمپنیوں کو معیاری سروس فراہم کرنی چاہیے۔