پی ایس ایل 11: محسن نقوی کی کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب

لاہور (کیو این این ورلڈ): پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ 11 میں شرکت کے لیے آنے والے ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔

لاہور میں منعقدہ تقریب میں محسن نقوی نے مہمانوں اور کھلاڑیوں کا استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر پی ایس ایل 11 کی ٹرافی کی رونمائی اور ایونٹ کا ترانہ بھی جاری کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 11 کو محدود کیا گیا ہے۔ انہوں نے شائقینِ کرکٹ سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کے وسیع تر مفاد کو ہمیشہ ترجیح دینا ہوتی ہے اور آج کی قربانی کل کی آسانی بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ایک عالمی سطح کا بڑا برانڈ بن چکا ہے اور اسے مزید ترقی دینا ہماری ترجیح ہے۔

تقریب میں پی ایس ایل کی ٹیموں کے مالکان، کپتانوں، کوچز، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور غیر ملکی کرکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں میں سکندر رضا، روی بوپارہ، تبریز شمسی اور ٹم پین سمیت دیگر شامل تھے۔

اس کے علاوہ وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، سالک حسین، علی پرویز ملک، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر شافع حسین، طلحہ برکی، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور سابق وفاقی وزیر گوہر اعجاز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے