مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

سیالکوٹ/پاکپتن/ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ+سیالکوٹ سے مدثر رتو کی رپورٹ) صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 7 افراد جاں بحق جبکہ 11 افراد زخمی ہو گئے۔

سیالکوٹ میں پسرور روڈ پر تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے کھڑی بس سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ لکھن پور اسٹاپ پر ایک میرج ہال کے سامنے پیش آیا جہاں بس سڑک کے کنارے کھڑی تھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حکام کے مطابق لاشیں گاڑی میں پھنس گئی تھیں جنہیں نکالنے کے لیے آپریشن کیا گیا، تاہم جاں بحق افراد کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود رہی۔

پاکپتن میں تین مختلف ٹریفک حادثات کے دوران ایک خاتون جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق باہمنی پل کے قریب ایک تیز رفتار کار نے دو افراد کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ لاش اور زخمی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایک اور حادثہ دیپالپور روڈ پر پیش آیا جہاں ایک کار موٹر سائیکل سوار خاندان سے ٹکرا گئی، جس کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسی طرح 25 ایس پی روڈ پر دو موٹر سائیکلوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 3 افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں بھی اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ پر نیو ٹول پلازہ کے قریب ٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق شخص کی لاش سول اسپتال سخی سرور منتقل کی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق بیشتر حادثات تیز رفتاری اور غفلت کے باعث پیش آئے، جبکہ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے