ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ) ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر میں مضر صحت گوشت کی ترسیل کی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر/سیکرٹری آر ٹی اے نذر حسین کورائی نے دری میرو کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سے بدبودار اور مضر صحت گوشت برآمد کر کے شہر منتقل کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان مردہ جانور کا گوشت تیار کر کے رات کی تاریکی میں ڈیرہ غازی خان شہر میں فروخت کے لیے لا رہے تھے، جس سے شہریوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔
برآمد شدہ گوشت کو پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کی نگرانی میں مکمل جانچ کے بعد غازی گھاٹ کے مقام پر دریائے سندھ میں تلف کر دیا گیا، تاکہ اسے کسی بھی صورت مارکیٹ میں فروخت ہونے سے روکا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کورائی نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند اور حلال گوشت کی فراہمی یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا غیر معیاری اشیائے خورونوش کی فروخت کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لا کر انسانی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔