اسلام آباد (کیو این این ورلڈ): ملک بھر میں آج یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخی جدوجہد، قربانیوں اور ایک آزاد اسلامی ریاست کے قیام کے عزم کی یاد تازہ کرتا ہے۔ 23 مارچ 1940 کو پیش کی گئی قراردادِ لاہور نے قیامِ پاکستان کی بنیاد رکھی اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک واضح منزل کا تعین کیا۔
بعد ازاں 23 مارچ 1956 کو پاکستان کا پہلا آئین نافذ ہوا، جس کے تحت ملک کو باضابطہ طور پر اسلامی جمہوریہ قرار دیا گیا۔ اسی مناسبت سے اس دن کو قومی تاریخ میں خصوصی اہمیت حاصل ہے اور ہر سال اسے یومِ پاکستان کے طور پر عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے۔
یومِ پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں سرکاری تعطیل ہوتی ہے جبکہ مختلف شہروں میں تقریبات، خصوصی دعاؤں اور مسلح افواج کی پریڈز کے ذریعے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کیا جاتا ہے، جو قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
اس اہم موقع پر کیو این این ورلڈ اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ نظریۂ پاکستان کے تحفظ، سچائی پر مبنی صحافت اور قومی امنگوں کی درست ترجمانی کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھتا ہے۔ ادارہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ ایک مضبوط، باخبر اور متحد قوم ہی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہوتی ہے۔
کیو این این ورلڈ اس عہد کی تجدید کرتا ہے کہ وہ ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیتے ہوئے سچائی، دیانت اور قومی مفاد کو ہر حال میں مقدم رکھے گا اور قوم تک مستند اور غیر جانبدار معلومات کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھے گا۔