میہڑ (کیو این این ورلڈ/منظور علی جوئیہ): میہڑ کے ڈگری کالج کی چاردیواری کے اندر سے ایک نامعلوم نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق کالج کے چوکیدار اور مقامی شہریوں نے چاردیواری کے اندر ایک نوجوان کی لاش دیکھی اور فوری طور پر اس کی اطلاع بی سیکشن پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او رفیق احمد کہیڑو پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، تاہم واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
لاش کو شناخت کے لیے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ آخری اطلاعات تک مقتول کی شناخت نہیں ہو سکی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جلد حقائق سامنے لائے جائیں گے۔