میہڑ: ڈکیتی کی دو وارداتیں، مزاحمت پر 2شہری زخمی

میہڑ (کیو این این ورلڈ/رپورٹ: منظور علی جوئیہ):میہڑ میں ڈکیتی کی دو الگ الگ وارداتوں میں مسلح ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے سونے کے بیوپاری سمیت ایک شہری کو زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔

پہلا واقعہ نئون گاؤں لنک روڈ پر گاؤں صوبھو خان مگسی کے قریب پیش آیا جہاں 3 مسلح ڈاکوؤں نے میہڑ شہر کے سونے کے بیوپاری صداقت علی جویو کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے انہیں زخمی کر دیا اور موٹر سائیکل سمیت لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔

دوسری واردات میہڑ فریدآباد روڈ پر چولی ڈیپر کے قریب پیش آئی جہاں 3 مسلح افراد نے نوید چانڈیو سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے انہیں گولی مار کر شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

دونوں زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔

آخری اطلاعات تک دونوں واقعات کے مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج نہیں ہو سکے جبکہ پولیس کی جانب سے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے