کولمبو (کیو این این ورلڈ):سری لنکا نے امریکی جنگی طیاروں کو اپنے اڈے استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے پارلیمنٹ میں بیان دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ امریکا نے مارچ کے آغاز میں دو جنگی طیارے مٹالا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات کرنے کی درخواست کی تھی۔
صدر نے بتایا کہ ان امریکی طیاروں پر اینٹی شپ میزائل نصب تھے اور انہیں جبوتی کے اڈے سے سری لنکا منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، تاہم سری لنکن حکومت نے اس درخواست کو واضح طور پر مسترد کر دیا۔
انورا کمارا ڈسانائیکے نے ایوان کو آگاہ کیا کہ قومی خودمختاری اور خطے کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا، اور امریکا کو دوٹوک انداز میں انکار سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا کے کئی اتحادی ممالک بھی ایران کے خلاف ممکنہ جنگ میں شمولیت سے انکار کر چکے ہیں، جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کو کسی کی مدد کی ضرورت نہیں۔