ملتان (کیو این این ورلڈ) تھانہ راجہ رام پولیس نے میلسی کی رہائشی خاتون کی درخواست پر بلیک میلنگ، رقم بٹورنے اور سنگین دھمکیاں دینے کے الزام میں معروف ٹک ٹاکر سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعیہ ثمینہ بی بی نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اولاد کی نعمت سے محروم تھی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزمان حکیم شہزاد لوہا پاڑ اور اسامہ سمیع نے اسے علاج کا جھانسہ دیا۔ خاتون کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر اس سے 3 لاکھ 70 ہزار روپے ہتھیا لیے اور بعد ازاں اسے بلیک میل کرنا شروع کر دیا۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ملزمان اسے اپنے شوہر کو چھوڑنے اور ان کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کرنے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔ انکار کرنے پر ملزمان نے اسے اور اس کے شوہر کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور خاتون کی مبینہ غیر اخلاقی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی دی، جس کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔
پولیس نے خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 354، 506 اور 509 کے تحت مقدمہ نمبر 124/26 درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمے کی تفتیش انچارج انویسٹی گیشن کے سپرد کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے گا اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
