ڈیرہ غازی خان: (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر)ڈیرہ غازی خان میں عیدالفطر کی آمد کے پیش نظر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن "ستھرا پنجاب” کے تحت صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ مکمل طور پر متحرک ہو گئی ہے اور شہر بھر میں خصوصی صفائی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔
ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے ریجنل منیجر منصور ناگرہ نے ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کی ہدایات پر عیدالفطر کے لیے جامع صفائی حکمت عملی ترتیب دی۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام فیلڈ ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ وہ خود بھی مختلف علاقوں کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عید کے دنوں میں عوام کی بڑی تعداد عیدگاہوں، مساجد، قبرستانوں اور بازاروں کا رخ کرتی ہے، اس لیے ان مقامات پر خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ عید نماز سے قبل اور بعد صفائی کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے شفٹوں میں عملہ ڈیوٹیاں سرانجام دے گا تاکہ کسی بھی جگہ گندگی جمع نہ ہو۔
منصور ناگرہ کے مطابق شہر کے اہم چوکوں، مرکزی شاہراہوں اور گنجان آبادی والے علاقوں میں اضافی مشینری اور ورکرز تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ کوڑا کرکٹ فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی گاڑیوں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صفائی مہم کے ساتھ ساتھ اینٹی لیٹرنگ مہم بھی بھرپور طریقے سے جاری ہے، جس کے تحت شہریوں میں صفائی کے حوالے سے شعور بیدار کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف مقامات پر آگاہی بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔
ریجنل منیجر نے خبردار کیا کہ عید کے دوران صفائی میں خلل ڈالنے یا کوڑا کرکٹ پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، اور خلاف ورزی کرنے والوں کو ایک لاکھ سے سات لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب ڈویژنل کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ عید کے پرمسرت موقع پر صفائی کا خاص خیال رکھیں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ "ستھرا پنجاب” مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس خصوصی صفائی پلان کا مقصد عیدالفطر کے دوران شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ تہوار کو خوشی اور اطمینان کے ساتھ منا سکیں۔