ایران جنگ پر اختلاف: امریکی انسداد دہشتگردی مرکز کے ڈائریکٹر مستعفی

واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) ایران کے خلاف جاری جنگ پر اختلافات کے باعث امریکا کے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر کے ڈائریکٹر جو کینٹ اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران سے متعلق پالیسی پر امریکی حکومت کے اندر اختلافات شدت اختیار کر رہے ہیں۔ جو کینٹ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ وہ اپنے ضمیر کے مطابق ایران کے خلاف اس جنگ کی حمایت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایران امریکا کے لیے کوئی فوری خطرہ نہیں تھا اور یہ جنگ اسرائیل اور اس کی بااثر امریکی لابی کے دباؤ کے نتیجے میں شروع کی گئی۔

اپنے استعفے میں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو آگاہ کیا کہ اسرائیلی حکام نے امریکا کو اس تنازع میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور اس مقصد کے لیے غلط معلومات پر مبنی مہم بھی چلائی گئی۔
@joekent16jan19



جو کینٹ نے مزید کہا کہ ایران پر حملے کے حق میں پیش کیے جانے والے دلائل اور فوری کامیابی کے دعوے انہیں 2003 کی عراق جنگ سے قبل کی صورتحال کی یاد دلاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی عراق جنگ میں شریک رہ چکے ہیں جبکہ ان کی اہلیہ شینن کینٹ شام میں ایک کارروائی کے دوران ہلاک ہو گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے شخص کے طور پر جس نے 11 مرتبہ جنگی خدمات انجام دیں، وہ نئی نسل کو ایسی جنگ میں بھیجنے کی حمایت نہیں کر سکتے جو امریکی عوام کے مفاد میں نہ ہو اور جس کی قیمت انسانی جانوں کی صورت میں ادا کرنی پڑے۔

دفاعی و سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ استعفیٰ امریکی پالیسی میں بڑھتے ہوئے اختلافات کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ ایران سے متعلق صورتحال کو امریکا کے لیے ایک بڑا چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے