گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی)اینٹی کرپشن، جوڈیشل مجسٹریٹ کی کارروائی، رشوت خور پٹواری گرفتار
گوجرانوالہ میں اینٹی کرپشن نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے ہمراہ مشترکہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے پٹواری عابد حسین کو جائیداد کے انتقال کے عوض 30 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ اس کارروائی کے دوران پٹواری کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کیے گئے۔
کارروائی ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کی ہدایات اور ڈویڑنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ امجد شہزاد کی نگرانی میں کی گئی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن گجرات عدنان شہزاد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا شبیر اشرف نے بتایا کہ عوام کو بلیک میل کرکے رشوت لینے والے سرکاری ملازمین کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے ساتھ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ گرفتاری اینٹی کرپشن کے عزم کا عملی مظاہرہ ہے کہ رشوت خور سرکاری اہلکاروں کے خلاف کسی رعایت کے بغیر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔