سیالکوٹ (کیواین این ورلڈ/ ڈسٹرکٹ رپورٹر حسنین راجہ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین کی زیر قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ اور ڈسٹرکٹ ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے تمام متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے ریسکیو آپریشنز اور بلند و بالا عمارتوں میں فائر سیفٹی قوانین کے حوالے سے تفصیلی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ کے گنجان آباد تحصیل بازار اور ملحقہ علاقوں، جہاں ریسکیو گاڑیوں کی رسائی مشکل ہے، وہاں آگ لگنے کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے گراؤنڈ ہائڈرنٹس نصب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ انہوں نے ممکنہ سیلاب اور مون سون کے دوران ہنگامی تیاریوں اور مختلف اداروں کی ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عباس ذوالقرنین نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں متعلقہ اداروں کو سخت احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل پلازوں، انڈسٹریز اور بلند و بالا عمارتوں میں فائر فائیٹنگ کے انتظامات فی الفور مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن بازاروں میں ریسکیو نے گراؤنڈ ہائڈرنٹس نصب کرنے کی نشاندہی کی ہے وہاں فوری کام شروع کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اے ڈی سی آر نے تنبیہ کی کہ فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی عمارتوں اور انڈسٹریز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے تمام محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ مون سون اور ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریاں بروقت مکمل رکھیں تاکہ کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں اور مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے