کراچی ( کیو این این ورلڈ/نامہ نگارڈاکٹربشیراحمدبلوچ) شہرِ قائد کے علاقے بفر زون میں گھر کی دہلیز پر خاتون سے چھینا جھپٹی کی سنگین واردات پیش آئی ہے، جہاں مسلح ملزم خاتون سے پرس چھین کر باآسانی فرار ہوگیا۔ اس افسوسناک واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں ملزم کو دیدہ دلیری سے واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق متاثرہ خاتون جیسے ہی اپنے گھر کی دہلیز پر پہنچیں تو موٹر سائیکل پر سوار ایک اکیلا مسلح ملزم وہاں پہنچا۔ ملزم نے اطمینان سے موٹر سائیکل کھڑی کی اور اسلحہ نکال کر خاتون کو ہراساں کیا۔ مسلح ملزم کو اچانک سامنے دیکھ کر خاتون نے زور دار چیخ ماری اور شدید خوف کے باعث وہیں زمین پر گر پڑیں۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے زمین پر گری ہوئی خاتون پر جھپٹا مارا اور ان سے پرس چھین کر موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا۔ واردات کے بعد بھی خاتون شدید گھبراہٹ اور صدمے کے باعث زمین پر پڑی کانپتی رہیں اور فوری طور پر اٹھنے کے قابل بھی نہ رہیں۔

بفر زون کے مکینوں نے اس واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب خواتین اپنے گھروں کی دہلیز پر بھی محفوظ نہیں رہیں۔ اہل علاقہ نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت کر کے اسے فوری گرفتار کیا جائے اور علاقے میں گشت بڑھایا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے