سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف مدثر رتو) پروفیشنل میڈیا الائنس کے عہدیداران نے چیئرمین پروفیشنل میڈیا الائنس عثمان بٹ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی سے خصوصی ملاقات کی اور اُن کے والدِ محترم اصغر علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دلی تعزیت پیش کی۔ وفد نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت، بلندیٔ درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر وفد کے اراکین نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ والد کا سایہ کسی بھی انسان کے لیے بہت بڑی نعمت ہوتا ہے اور اس کا بچھڑ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ صحافی برادری اس مشکل اور غم کی گھڑی میں آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور آپ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
اس موقع پر پروفیشنل میڈیا الائنس کے وائس چیئرمین ملک ممتاز اعوان، سینئر نائب صدر میاں سلیم، نائب صدر رانا نوید، جنرل سیکرٹری محمد سعید، جوائنٹ سیکرٹری یسین وٹو، سیکرٹری اطلاعات وحید احمد، مدثر رتو، حسنین راجہ، محمد سلیم، خواجہ عامر، لیڈی رپورٹر روبی طارق، نوازش علی، مہر خلیل، آصف شیراز، مہر ندیم اور میاں عبد الرحیم سمیت سیالکوٹ کی صحافی برادری کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔
وفد کے شرکاء نے مرحوم اصغر علی کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی اور کہا کہ مرحوم نہایت نیک، شریف النفس اور باوقار شخصیت کے مالک تھے، جن کے انتقال سے اہلِ خانہ کو بڑا صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے پروفیشنل میڈیا الائنس کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور تعزیت کے لیے آمد اور دعاؤں پر صحافی برادری کے جذبۂ ہمدردی کو سراہا۔
