جدہ ( کیو این این ورلڈ) سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی ملکی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔ یہ موقف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت منعقدہ کابینہ کے ایک اہم ورچوئل اجلاس میں سامنے آیا، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ کشیدگی اور علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران سعودی کابینہ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ مملکت اپنی سرحدوں اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے ملکی فضائی دفاعی نظام کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاعی فورسز نے اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تمام کوششوں کو کامیابی سے ناکارہ بنا کر اپنی برتری ثابت کی ہے۔

سعودی کابینہ نے سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی اور عرب ممالک پر ہونے والے ایرانی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اجلاس میں موقف اپنایا گیا کہ سویلین آبادی اور تیل کی عالمی تنصیبات پر حملے بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہیں، جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

کابینہ نے خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کے حالیہ مشترکہ وزارتی اجلاس کے نتائج کو خوش آئند قرار دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں ایرانی جارحیت کے خلاف منظور کی جانے والی مذمتی قراردادوں کو بھی قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا اور انہیں علاقائی امن کے لیے اہم قرار دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے