کراچی (کیو این این ورلڈ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد بڑی مقدار میں پیٹرول سے لدے جہاز کراچی کے قریب پورٹ قاسم پہنچ گئے ہیں۔ پورٹ حکام کے مطابق مجموعی طور پر تقریباً 25 کروڑ لیٹر پیٹرول لے کر چار جہاز پورٹ قاسم پہنچ چکے ہیں جن سے ملک میں پیٹرول کے ذخائر میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
پورٹ حکام کے مطابق ایک جہاز سے 37 ہزار ٹن پیٹرول کی منتقلی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ایک اور جہاز سے تقریباً 50 ہزار ٹن پیٹرول کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان جہازوں سے پیٹرول کی منتقلی کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی مزید بہتر ہو جائے گی۔
حکام کے مطابق پیٹرول کی مزید کھیپ بھی آنے والے دنوں میں پورٹ قاسم پہنچے گی۔ اس سلسلے میں ایک اور جہاز جو تقریباً 55 ہزار ٹن پیٹرول لے کر آ رہا ہے وہ 12 مارچ کو پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوگا۔ اس کے علاوہ ایک اور جہاز 13 مارچ کو پہنچنے کی توقع ہے جو تقریباً 34 ہزار ٹن پیٹرول اتارے گا۔
پورٹ حکام کے مطابق پیٹرول کی مسلسل ترسیل سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کو مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی ذخائر برقرار رکھنے میں آسانی ہوگی۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے چند روز قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 55 روپے تک اضافہ کیا گیا۔ اس اضافے کے بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی اور سپلائی کے حوالے سے مختلف خدشات سامنے آئے تھے تاہم حکام کا کہنا ہے کہ بڑی مقدار میں پیٹرول کی آمد سے سپلائی کی صورتحال مستحکم رہے گی۔