ڈیرہ غازی خان (کیو این این ورلڈ/سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن “ستھرا پنجاب” کو حقیقی معنوں میں عملی شکل دینے کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ میں ایک متحرک اور باصلاحیت افسر کی آمد نے فیلڈ آپریشنز میں نئی روح پھونک دی ہے۔ نئے ریجنل منیجر منصور ناگرہ نے ڈیرہ غازی خان کا چارج سنبھالتے ہی صفائی کے نظام کو مؤثر اور فعال بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
ریجنل منیجر منصور ناگرہ نے ڈویژنل کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی کے ہمراہ مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی و ستھرائی کے انتظامات، کوڑا کرکٹ کی بروقت منتقلی، مشینری کی کارکردگی اور فیلڈ اسٹاف کی حاضری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب محض ایک پروگرام نہیں بلکہ ایک ایسا جامع اور بین الاقوامی معیار کا وژن ہے جس کا مقصد شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے مقررہ معیار پر کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے سخت نگرانی اور مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد کی واضح ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر، پائیدار اور عوام دوست بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انتظامیہ اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی ٹیم باہمی تعاون سے شہر کو صاف، سرسبز اور صحت مند بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ریجنل منیجر منصور ناگرہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیرہ غازی خان کو ستھرا، خوبصورت اور مثالی شہر بنانے کے لیے دن رات محنت کی جائے گی اور ستھرا پنجاب پروگرام کی کامیابی کے لیے فیلڈ میں فوری اصلاحی اقدامات، جدید انتظامی حکمت عملی اور ٹیم ورک کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی پوری ٹیم اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ڈیرہ غازی خان کو صفائی کے حوالے سے ایک مثالی شہر بنایا جا سکے۔