واشنگٹن (کیو این این ورلڈ) امریکی اخبار نے اپنی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی مسلسل فوجی کارروائیوں اور حملوں کے باوجود ایرانی حکومت بدستور مضبوط ہے۔ رپورٹ کے مطابق تہران کے خلاف کی جانے والی عسکری کارروائیاں اب تک ایرانی حکومت کو کمزور کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
اخبار کے مطابق ایران کے اندر موجودہ صورتحال میں حکومت کے خلاف کسی بڑی بغاوت کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ مزید برآں، ایرانی حکومتی عہدیداروں یا اعلیٰ حکام کی جانب سے انحراف یا ساتھ چھوڑنے کی کوئی اطلاعات بھی موصول نہیں ہوئیں، جو کہ ایرانی سیاسی ڈھانچے کے استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) نے خطے میں جاری کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والے انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ادارے کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کے حالیہ تنازعات نے اب تک 3 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کو بے گھر کر دیا ہے، جس سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔
یو این ایچ سی آر کی رپورٹ کے مطابق حالیہ بمباری اور خوف کے باعث کم از کم 1 لاکھ افراد ایرانی دارالحکومت تہران چھوڑ چکے ہیں۔ اسی طرح لبنان میں جاری کشیدگی سے 84 ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں، جن میں سے 30 ہزار سے زائد افراد پناہ کی تلاش میں شام منتقل ہو گئے ہیں۔