راولپنڈی (کیو این این ورلڈ) سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی جانب سے افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری ہیں، جس کے دوران ایک انتہائی اہم اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے آپریشن غضب للحق کے تحت مؤثر کارروائی کرتے ہوئے قندھار میں افغان طالبان کے 205 کور کے بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس کامیاب فضائی کارروائی کے دوران نہ صرف ہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا بلکہ وہاں موجود طالبان کے بڑے ایمونیشن ڈپو کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں دہشت گرد عناصر کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور ان کی عسکری صلاحیت کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق آپریشن غضب للحق کے تحت کی جانے والی ان طاقتور کارروائیوں کا بنیادی مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ان عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی تاکہ دہشت گردی کی نرسریوں کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے۔